ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہماچل پردیش کا سیاسی درجۂ حرارت بڑھنے لگا،کانگریس پارٹی نے انتخابی منشور جاری کیا، ایک لاکھ سرکاری ملازمتوں سمیت کئی اہم وعدے

ہماچل پردیش کا سیاسی درجۂ حرارت بڑھنے لگا،کانگریس پارٹی نے انتخابی منشور جاری کیا، ایک لاکھ سرکاری ملازمتوں سمیت کئی اہم وعدے

Sun, 06 Nov 2022 11:36:18    S.O. News Service

شملہ ، 6؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) شمالی  ہند کی پہاڑی ریاست ہماچل پردیش میں ۱۲؍نومبر کو  اسمبلی کی ۶۸؍ سیٹوں کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔  اس ریاست کو جیتنے کے لئے کانگریس اور بی جے پی دونوں کی جانب سے  ایڑی چوٹی کا زور لگایا جارہا ہے۔ اسی کے تحت جہاں کانگریس نے اپنا انتخابی منشور جاری کردیا ہے وہیں بی جےپی نےاپنے اسٹارکیمپینروزیر اعظم مودی کو میدان میں اتار دیا ہےجس کی وجہ سے مقابلہ دلچسپ ہو گیا ہے۔

  کانگریس نے سنیچرکو ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کیلئے اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا ہے۔ اسے شملہ میں کانگریس صدر دفتر پر پرتگیا پتر کے نام سے جاری کیا گیا۔ اس دوران چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل، راجیہ سبھا کے رکن اور ہماچل کے انچارج راجیو شکلا، منشور کمیٹی کے صدر دھنی رام شانڈیل، ریاستی صدر پرتبھا سنگھ اور سکھوندر سنگھ سکھو موجو د تھے۔ اس منشور کو تیار کرنے میں تمام لیڈروں نے ہماچل، ہماچلیت اور ہم کو بنیاد بنایا ہے۔ منشور کمیٹی کے چیئرمین کرنل دھنی رام شانڈیل نے کہا کہ انتخابی منشور میں ہر طبقے کا خیال رکھا گیا ہے اور اسے ہماچل کی تہذیب و ثقافت کو دھیان میں رکھتے ہوئے ہی تیار کیا گیا ہے۔ 

 کانگریس پارٹی نے منشور میں   پرانی پنشن اسکیم  دوبارہ نافذ کرنے ، ۳۰۰؍ یونٹ تک مفت بجلی دینے، نوجوانوں کو روزگار اور پہلی کابینہ میٹنگ میں ایک لاکھ سرکاری نوکریوں کااعلان کرنے کا  وعدہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ریاست کے ایک لاکھ ۶۵؍ہزار پنشنرز کو پنجاب کی طرز پر پنشن اور الاؤنس دینے کا بھی اعلان  ہے۔ ۵۲؍صفحات پر مشتمل اس منشور میں کانگریس نے وعدہ کیا ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں میں تضاد کو دور کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ آؤٹ سورس، بورڈ اور کارپوریشنز کے ملازمین کے حوالے سے بھی پالیسی بنائی جائے گی۔حکومت کے گزشتہ 6 ماہ کے تمام فیصلوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

  اس کے علاوہ سیاسی عداوت کی وجہ سے کئے گئے تمام تبادلوں کو منسوخ کر دیا جائے گا۔کانگریس کی حکومت بنتے ہی باغبانی کمیشن تشکیل دیا جائے گا  جو سیب کی ہر قسم کی سپورٹ پرائس طے کرے گا۔ اس کے علاوہ فوڈ پروسیسنگ اور پھلوں سے متعلق صنعتوں کے حوالہ سے پالیسی بنائی جائے گی۔ اسی کے ساتھ سولن میں فوڈ پروسیسنگ یونٹ قائم کیا جائے گا۔ نئی کولڈا سٹوریج پالیسی کے علاوہ سیب کیلئے یونیورسل پیکیجنگ سسٹم نافذ کیا جائے گا۔  کانگریس حکومت ہر گئوپالک سے ۱۰؍ کلو لیٹر دودھ خریدے گی۔ اس کے علاوہ گائے کا گوبر دو روپے فی کلو کے حساب سے خریدا جائے گا۔ چار گائے خریدنے پر حکومت گرانٹ دے گی۔ اس کے علاوہ اور بھی وعدے ہیں۔ 

  وزیر اعظم نریندر مودی نے ہماچل کے منڈی ضلع میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس پر شدید تنقیدیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے وعدے کرنا، جھوٹی ضمانت دینا کانگریس کی پرانی ترکیب رہی ہے۔ کانگریس کس طرح  قرض معافی کے نام پر جھوٹ بولتی رہی ہے ، اس کا  پورا ملک گواہ رہا ہے۔


Share: